وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی، جو ایک گھنٹہ 20 منٹ تک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں جاری رہی۔ ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیتے ہوئے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹرمپ کی بدولت پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور جنوبی ایشیا بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کا مسلم رہنماؤں کو اعتماد میں لینے اور عالمی تنازعات ختم کرنے کی کوششوں پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ انسداد دہشت گردی میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
صدر ٹرمپ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ’عظیم رہنما‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران امریکی صدر نے شہباز شریف کو وائٹ ہاؤس کا ماڈل بطور تحفہ پیش کیا اور بعد ازاں تھمبز اپ کر کے ملاقات کے کامیاب ہونے کا عندیہ دیا۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ٹرمپ کی قیادت میں مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نیویارک روانہ ہوگئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔