وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج شام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے اور عالمی برادری کی توجہ ان خطوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف خطاب میں پاک بھارت کشیدگی، مشرق وسطیٰ میں قیام امن، غزہ میں جنگ بندی اور دہشت گردی کے خاتمے پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بین الاقوامی برادری کو یہ باور کرائیں گے کہ عالمی امن کے قیام اور مظلوم عوام کی حمایت کے لیے پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔