دبئی سے فیصل آباد جانے والی ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کو اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک مسافر اچانک بے ہوش ہو گیا۔ طیارہ لاڑکانہ کے فضائی علاقے میں تھا کہ پائلٹ نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کو میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی اور پرواز کو کراچی موڑنے کا فیصلہ کیا۔
بوئنگ 737 طیارہ لینڈ کرتے ہی ایئرپورٹ کی میڈیکل ٹیم حرکت میں آئی اور مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، لیکن ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ ذوالفقار نامی مسافر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق طیارہ اس وقت ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے انتظار میں ہے اور باقی مسافر اپنی نشستوں پر موجود ہیں۔
اسی دوران کراچی سے دبئی روانہ ہونے والی فلائٹ ایف زیڈ 334 بھی ایک نازک صورتحال کا شکار ہوئی۔ پرواز میں سوار تین سالہ بچی زہرہ کو بخار کے باعث بے ہوشی طاری ہو گئی۔ کریو نے فوری طور پر ایمرجنسی ٹیم کو اطلاع دی، جس کے بعد پرواز کو روکا گیا اور بچی کو قریبی نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کیا، تاہم حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا۔