پاکستان تحریک انصاف آج پشاور میں بڑا جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ رنگ روڈ پر بے نظیر اسپتال کے لیے مختص پلاٹ میں جلسہ گاہ تیار کر لی گئی ہے جہاں 10 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں اور کنٹینر اسٹیج بھی نصب کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، مرکزی چیئرمین بیرسٹر گوہر، جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر جنید اکبر سمیت پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔ خواتین کے لیے پنڈال میں علیحدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔
جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ رنگ روڈ کو موٹر وے انٹرچینج سے کبوتر چوک تک مکمل بند کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے قافلے سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے پشاور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے جنوبی، ہزارہ اور ملاکنڈ ریجن سے بھی قافلے روانہ ہو گئے۔ شرکا کو مقامی شادی ہالز میں ٹھہرانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
پارٹی ہدایت کے مطابق تمام رہنما اپنی ریلی کے جلسہ گاہ پہنچنے تک ویڈیو ریکارڈنگ کریں گے اور سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔