صوبائی دارالحکومت پشاور میں وکیل قتل کیس میں نامزد ایس ایچ او کی عبوری ضمانت درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی جبکہ اس موقع پر عدالت نے ملزم بہرہ مند شاہ (ایس ایچ او) کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں وکلا اور سادہ لباس افراد کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا۔ اس دوران وکلا نے تین افراد کو پکڑ لیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں حالات کشیدہ ہونے پر صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی چیف جسٹس سے ملاقات ہوئی، وکلا نے اس حوالے سے بتایا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد پولیس اہلکار ہیں۔ وکلا نے بتایا کہ ایس ایچ او کیس میں غیر متعلقہ افراد بھی ہائیکورٹ آئے ہیں، اس پر صدر ہائیکورٹ بار امین الرحمن یوسفزئی نے بتایا کہ چیف جسٹس نے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔