افغان وزیرِ خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ماسکو فارمیٹ اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی جس میں افغانستان میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران سرگئی لاوروف نے افغانستان کے اندرونی استحکام، دہشت گردی اور منشیات کے خلاف امارتِ اسلامیہ کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے اس ضمن میں مزید پیش رفت کی امید ظاہر کرتے ہوئے روس کے تعاون کے تسلسل کا یقین دلایا۔
مولوی امیر خان متقی نے روس کی جانب سے امارتِ اسلامیہ کو باضابطہ تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر روس کی حمایت کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
افغان وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور اس مقصد کے لیے تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔