نیشنل ٹائم سینٹر پر سائبر حملوں سے مواصلاتی و مالیاتی نظام میں خلل کا خطرہ، چین کا امریکہ پر الزام

image
چین نے تحقیقاتی ادارے ’نیشنل ٹائم سینٹر‘ پر سائبر  حملے کا الزام امریکی قومی سلامتی ایجنسی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ تنصیبات کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان سے مواصلاتی نیٹ ورک، مالیاتی نظام اور بجلی کی فراہمی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ریاستی سلامتی کی وزارت نے سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ پر پوسٹ میں الزام عائد کیا کہ امریکی ایجنسی نے 2022 میں غیر ملکی موبائل فون کمپنی کی میسجنگ سروسز میں کمزوریوں کا فائدہ اٹھایا تاکہ نیشنل ٹائم سروس سینٹر کے عملے کے استعمال میں ڈیوائس سے حساس معلومات چرائی جا سکیں۔

تاہم موبائل کمپنی کے حوالے سے واضح نہیں کیا۔

وزارت نے مزید کہا ہے کہ امریکی ایجنسی نے ٹائم سینٹر کے متعدد اندرونی نیٹ ورک سسٹم کو نشانہ بنانے کے لیے 42 قسم کے ’خصوصی سائبر حملوں‘ کا استعمال کیا اور 2023 اور 2024 کے درمیان ٹائمنگ سسٹم میں مداخلت کی کوشش کی۔

چین نے کہا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے ادارے کے سائبر حملوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے ثبوت موجود ہیں تاہم تفصیل نہیں فراہم کی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ٹائم سینٹر چین کے معیاری وقت کو طے کرنے اور اس کے اطلاق کا ذمہ دار ہے۔  اس کے علاوہ مواصلات، مالیات، بجلی و توانائی، نقل و حمل اور دفاع کی صنعت کو ٹائم کے حوالے سے خدمات فراہم کرتا ہے۔

وزارت نے سینٹر کو خطرات کو ختم کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کی تھی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ امریکہ دوسروں پر انہی کارروائیوں کا الزام عائد کرتا ہے جن میں وہ خود ملوث ہے اور بار بار چینی سائبر خطرات کے دعوؤں کو بڑھاوا دیتا ہے۔‘

مغربی حکومتوں نے حالیہ برسوں میں الزام لگایا ہے کہ چینی حکومت سے منسلک ہیکرز نے حکام، صحافیوں، کارپوریشنز اور دیگر کو نشانہ بنایا ہے۔

تاہم چینی وزارت برائے ریاستی سلامتی کا بیان بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور تائیوان کے مسائل پر جاری کشیدگی کو ہوا دے سکتا ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US