وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہٹانے کی افواہیں...حقیقت کیا ہے؟

image

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق گردش کرتی افواہوں کی صوبائی حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت نے سختی سے تردید کر دی۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تاہم سہیل آفریدی نے ان تمام خبروں کو جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے منسوب تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ صوبائی حکومت کی سطح پر اس حوالے سے کوئی بات چیت بھی نہیں کی گئی۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور بانی پاکستان تحریک انصاف کے اعتماد یافتہ اور وفادار ساتھی ہیں اور وہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

اسی حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر پھیلائی جانے والی وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی سطح پر اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US