فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اگر بھارت کسی نئے نارمل کی بات کرتا ہے تو پاکستان اسے نئے ردِعمل سے جواب دے گا۔کور کمانڈر کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ اگر بھارت نے جارحیت یا مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان فوری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں ملکی سلامتی، انسدادِ دہشتگردی آپریشنز اور سیلابی متاثرین کے لیے فوجی تعاون کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کا آغاز بھارتی سرپرستی میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کے ساتھ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کے حوصلے، عزم کو سراہا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر جاری امدادی و بحالی کے اقدامات پر فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ بیانات کی بھی سخت مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ بھارت کی جنگی جنونیت خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ فورم نے واضح کیا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کی کوشش ہوئی تو پاکستان فوری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ اگر بھارت کسی نئے نارمل کی بات کرتا ہے تو پاکستان اسے نئے ردِعمل سے جواب دے گا۔
کانفرنس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مبینہ دہشتگرد گروہوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورکس کو ہر سطح پر ختم کرنے کے لیے جامع انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
شرکاء نے حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور اسے دونوں ممالک کے دفاعی تعاون اور مشترکہ ردعمل کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔
کانفرنس میں کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور فلسطین کے بارے میں پاکستان کے اصولی مؤقف، فوری جنگ بندی، غزہ کی انسانی امداد اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کو بھی دہرایا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور تخلیقی حکمتِ عملی کو یقینی بنائیں، اور کہا کہ پاکستان آرمی ہر قسم کے روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ یا غیر متناسب خطرات کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔