علی امین گنڈاپور نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے جانب سے خیبر پختونخوا کے لیے سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کرنے بعد علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
فیس بُک اکاؤنٹ پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کی پوزیشن عمران خان کی امانت تھی اور ان کے حکم کے مطابق ان کی امانت کو واپس کرکے اپنا استعفیٰ دے رہا ہوں۔
قبل ازیں علی امین گنڈا پور نے وزیرِ اعلیٰ کی تبدیل کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں یہ عہدہ بانی پی ٹی آئی نے دیا ہے یہ ان کی امانت ہے جب کہیں گے عہدہ چھوڑ دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں تاحال وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جب مجھے کہا جائے گا کہ وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دو تو اس کی تعمیل کروں گا۔
بانی نے سہیل آفریدی کو وزیرِ اعلیٰ نامزد کردیا، سلمان اکرم راجہ
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہٹایا جارہا ہے۔
انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کردیا ہے۔
امید ہے سہیل آفریدی ایک ایماندار ٹیم بنائیں گے، جنید اکبر
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے لیے نامزد وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سہیل آفریدی ایک ایماندار ٹیم بنائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جو گراس روٹ لیول سے کارکنان کو اٹھا کر قیادت کے مقام تک پہنچاتی ہے۔