آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، کیا آج قومی کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرپائے گی؟

image

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں سیمی فائنلز کی دوڑ میں رہنا ہے تو آج تاریخ رقم کرنی پڑے گی۔

آج پاکستان کا مقابلہ ٹورنامنٹ فیورٹس آسٹریلیا سے ہے اور آج تک پاکستان 16 ون ڈے انٹرنیشنلز میں آسٹریلیا کو نہیں ہرا پایا اور عجیب بات یہ ہے کہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں بھی پاکستان آسٹریلیا کے خلاف کبھی نہیں جیتا ہے۔

آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے پاکستان کے خلاف 16 میں سے 16 میچز جیتے ہیں اور آخری دفعہ دونوں کا مقابلہ 2023 میں ہوا تھا۔ پاکستان کی ٹیم جو پہلے دو میچز میں بنگلا دیش اور بھارت سے ہار چکی ہے آج پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔

پاکستان اگر آج کا میچ بھی ہار گیا تو ان کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے باقی کے اپنے سنگل لیگ کے چار میچز جیتنا لازمی ہوجائے گا۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے مطابق ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا کہ بھارت سے شکست کے بعد ٹیم میں کوئی تبدیلی کی جائے یا نہ کی جائے۔

کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ٹاس سے پہلے پچ کو دیکھ کر پلیئنگ 11 کا فیصلہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US