پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں ہراسمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ

image

حکومت پنجاب نے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں ہراسمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد طالبات کے لیے محفوظ، باوقار اور خوف سے آزاد تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق ہر اسکول میں تین رکنی ہراسمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں خواتین اساتذہ کی نمائندگی لازمی ہوگی۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ طالبات شکایت درج کرانے میں خود کو محفوظ محسوس کریں اور ان کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔

یہ کمیٹیاں اساتذہ، طلبہ اور والدین کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ بنیں گی اور اسکولوں میں احترام، شائستگی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کریں گی۔

محکمہ تعلیم نے تمام اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں جبکہ متعلقہ افسران کو ان کمیٹیوں کی نگرانی اور رپورٹنگ کا نظام وضع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ماہرینِ تعلیم نے حکومت کے اس اقدام کو قابلِ تحسین اور وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف اسکولوں میں نظم و ضبط اور احترام کے کلچر کو فروغ دے گا بلکہ خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے فروغ میں بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US