کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کے خلاف بڑا آپریشن کیا ہےجس کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی 9 اکتوبر 2025 کو انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی جو دیگر حساس اداروں کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان حساس تنصیبات سے متعلق معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے موبائل فون، مالی لین دین کے شواہد اور اہم ڈیجیٹل ڈیٹا برآمد کیا گیا ہے۔ فرانزک جانچ کے دوران مزید ثبوت بھی حاصل ہوئے ہیں جبکہ بھارتی نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور غیر ملکی روابط کی تلاش جاری ہے۔
ایجنسی کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف پیکا اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی آن لائن کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔