خیبر پختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت اور سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ کابینہ کے ارکان نے دوبارہ اپنے محکمے حاصل کرنے کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی کابینہ میں کم تعداد رکھنے کی تجویز زیر غور ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔آئین کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ میں 15 وزراء اور 5 مشیر شامل کیے جا سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق موجودہ کابینہ کے کئی ارکان کو برقرار رکھنے کا امکان ہے البتہ ان کے محکموں میں تبدیلی کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں،ابتدائی مرحلے میں وزراء کے نام فائنل کیے جائیں گے جبکہ مشیران اور معاونین خصوصی کا تقرر بعد میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیرِاعلیٰ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔تاہم اگر ملاقات ممکن نہ ہوئی تو موجودہ کابینہ کو ہی کام جاری رکھنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔