سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب

image

خیبر پختونخوا اسمبلی نے نیا قائدِایوان منتخب کر لیا پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سہیل آفریدی بھاری اکثریت سے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہو گئے۔

اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا اجلاس کے دوران سابق وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے مجھے وزیرِاعلیٰ بنایا تھا اور جب انہوں نے کہا میں نے ان کی ہدایت پر استعفیٰ دے دیا جمہوری عمل کا مذاق نہ بنایا جائے۔

علی امین گنڈا پور نے اپنی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو خزانے میں صرف 18 روز کی تنخواہ موجود تھی جبکہ آج 218 ارب روپے کا اضافہ کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا مجھے اپوزیشن سے شکایت ہو سکتی ہے کہ میں نے فنڈز نہیں دیے مگر عوام مطمئن ہیں کیونکہ میں نے پیسہ عوام پر لگایا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے علی امین گنڈا پور کے استعفے کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب تک سابق وزیرِاعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا، نئے وزیرِاعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی ہے۔ ہم اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

تاہم اسپیکر بابر سلیم سواتی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے دو بار استعفیٰ گورنر کو بھجوایا اور آج ایوان میں بھی اس کا اعلان کیا ہے، لہٰذا آئینی طور پر قائدِایوان کے انتخاب میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران سہیل آفریدی کو 90 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن ارکان نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے کل ارکان کی تعداد 145 ہےجن میں سے 73 ووٹ قائدِایوان منتخب ہونے کے لیے درکار تھے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 92 ارکان نے سہیل آفریدی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اعلان کیا کہ سہیل آفریدی آئین کے مطابق خیبر پختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US