قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسدادِ منشیات کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے کے متاثرین کے مسائل تفصیل سے زیرِ غور آئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ معاملہ رکنِ قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد کے توجہ دلاؤ نوٹس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کو بھجوایا تھا۔
چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود متاثرین کے مسائل حل نہ ہونا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس مسئلے کو مزید لٹکانے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ خلوصِ نیت سے کام کرنے سے ہی عوامی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
رکنِ اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے بارے میں ہم سے سوال کرتے ہیں جبکہ اداروں کی تاخیر سے سخت پریشانی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ملک ابرار احمد نے کہا کہ متاثرین اپنے جائز اور قانونی حق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں لہٰذا ان کے مطالبات کا ازالہ ضروری ہے۔
اجلاس میں خصوصی طور پر شریک وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کے مسائل کے حل میں تیزی لائی جائے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ادارہ سنجیدگی سے متاثرین کے مسائل پر کام کر رہا ہے اور جلد ان کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ مسائل پہلے ہی حل ہو جانے چاہیئے تھے اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔