وفاقی حکومت نے 50 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین کو ریٹائر کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری لانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف وفاقی وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ایسے ملازمین جن کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے انہیں مرحلہ وار ریٹائر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ چند دنوں میں اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی جس کے بعد ریٹائرمنٹ کے عمل کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس پالیسی کے نفاذ سے ہزاروں سرکاری ملازمین متاثر ہوں گے جبکہ خالی ہونے والی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔
حکومتی حلقوں کے مطابق یہ اقدام انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے اور غیر فعال افسران کی جگہ فعال اور اہل نوجوانوں کو موقع فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔