ایران کی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایئر لائن نے مشہد سے لاہور کے درمیان ہفتہ وار ایک پرواز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروازیں 29 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر شروع ہوں گی۔
ایران ایئر کے اس فیصلے سے ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے میں اضافہ ہوگا اور زائرین سمیت دیگر مسافروں کو آسانی میسر آئے گی۔
دوسری جانب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین ایئر کو دو ہفتوں کے لیے مشروط فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی ہے۔ترجمان کے مطابق سیرین ایئر کو اجازت جدہ میں پھنسے پاکستانی مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے دی گئی ہے۔ اس دوران ایئرلائن کو بیرون ملک فلائٹ آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی اے اے کے مطابق سیرین ایئر کا ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ اس لیے معطل کیا گیا تھا کیونکہ ایئرلائن کے پاس ایک بھی قابل پرواز طیارہ نہیں تھا اور اس نے ریگولیٹری قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ ادارے نے ایئرلائن کو ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ واپس کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سیرین ایئر کا کہنا ہے کہ ان کا ایک طیارہ سعودی عرب میں پرندہ ٹکرانے کے باعث گراؤنڈ ہوا تھا اسی لیے انہیں عارضی اجازت دی جائے تاکہ وہ پھنسے ہوئے مسافروں کو وطن واپس لا سکیں۔