مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر مظہر سعید نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم آزاد کشمیر کو ارسال کر دیا ہے۔ پیر مظہر سعید حال ہی میں سابق سینیٹر مشتاق احمد کے ہمراہ غزہ جانے والے وفد کا حصہ تھے، جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ تاہم، سفری انتظامات اور علاقائی صورتحال کے باعث وفد کی روانگی مؤخر ہوگئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر مظہر سعید نے ”ناگزیر حالات اور ذاتی وجوہات“ کی بنیاد پر وزارت سے علیحدگی اختیار کی۔ انہوں نے اپنے استعفے میں کہا کہ وہ عوامی خدمت کا سلسلہ دیگر ذرائع سے جاری رکھیں گے اور حکومت کے مثبت اقدامات کی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب، حکومتی حلقوں میں ان کے استعفے پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے بعض پالیسی معاملات پر اختلافات کے باعث یہ فیصلہ سامنے آیا، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ موقف جاری نہیں کیا گیا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پیر مظہر سعید ایک فعال اور متحرک وزیر کے طور پر جانے جاتے تھے، جنہوں نے اطلاعات کے شعبے میں کئی اصلاحاتی اقدامات کیے۔ ان کے استعفے سے حکومت کے لیے ایک نئی سیاسی آزمائش پیدا ہو سکتی ہے۔