راولپنڈی: مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث چھ دن سے مسلسل بند فیض آباد کو آخرکار کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالات معمول پر آنے کے بعد فیض آباد میں ٹریفک اور تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق مری روڈ پر راولپنڈی کی حدود میں فیض آباد سے لگائے گئے تمام کنٹینرز ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چھ روز سے بند ٹرانسپورٹ اڈوں، ہوٹلوں، ہاسٹلز، ریستورانوں اور دکانوں کو کھولنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔
احکامات کے بعد فیض آباد مارکیٹ میں دکانیں کھلنا شروع ہوگئی ہیں جبکہ شہریوں نے معمولات زندگی بحال ہونے پر سکھ کا سانس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹرو بس سروس کو بھی جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، اور آج صبح راولپنڈی صدر سے فیض احمد فیض اسٹیشن تک سروس بحال کی گئی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کے اہلکار علاقے میں تعینات رہیں گے۔