لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی سسٹم ختم کرکے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت صوبے بھر میں ٹول وصولی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ شفافیت، سہولت اور وقت کی بچت کو یقینی بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے 38 الیکٹرانک ٹول پلازوں پر موٹروے کی طرز پر ”ون ایپ ون سسٹم“ متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے شہری ایک ہی ایپ کے ذریعے ٹول فیس کی ادائیگی کرسکیں گے، جبکہ پرچی یا نقد ادائیگی کا سلسلہ مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف گاڑیوں کی لمبی قطاروں کا تدارک ہوگا اور وقت کے ضیاع میں کمی آئے گی بلکہ مالی شفافیت بھی بڑھے گی۔ نیا ڈیجیٹل سسٹم ٹول پلازوں کے انتظامی امور کو خودکار بنائے گا اور ڈیٹا کی براہِ راست نگرانی ممکن ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ”ون ایپ ون سسٹم“ کے نفاذ سے عوام کو موٹروے جیسی سہولت میسر آئے گی اور مستقبل میں پورے صوبے کی ہائی ویز اور اہم سڑکوں پر بھی یہی نظام نافذ کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر چند مقامات پر پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر اس سسٹم کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد کامیاب نتائج پر اسے پورے صوبے میں وسعت دی جائے گی۔