ممتاز دینی رہنما مفتی منیب الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارا بھرپور مطالبہ ہے کہ حالیہ واقعے میں دونوں جانب کے زخمیوں کا حکومت اور ریاست کی جانب سے مناسب علاج معالجے کا فوری بندوبست کیا جائے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو دیّت ادا کی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پنجاب حکومت نے دانشمندی اور حکمت کا مظاہرہ نہ کیا تو اس کے نتائج اسے آنے والے انتخابات میں بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ چاہے کسی کو پسند ہو یا نہ ہو، ملک کے اندر اور بیرونِ ملک اہلِ سنت و جماعت کی ہمدردیاں مذہبی سیاسی جماعت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاسی جماعت پاکستان آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے والی ایک دینی و سیاسی جماعت ہے، جو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور قومی انتخابات میں حصہ لیتی ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن نے واضح کیا کہ مذہبی سیاسی جماعت آئینِ پاکستان کو تسلیم کرتی ہے، قانون کی پابند ہے اور اسے ایسا ہی رہنا چاہیے۔