پاکستان نے اسرائیلی وزیر خارجہ کے صومالی لینڈ کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی غیرقانونی کارروائیاں اور اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع اور اٹوٹ انگ ہے اور اسرائیلی اقدام صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بنیادی اصول ہیں، جنہیں کوئی بیرونی ریاست یا ادارہ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے کسی بھی بیان یا عمل کو نہ تو قانونی اور نہ ہی سیاسی حیثیت حاصل ہوگی۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدام ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان صومالی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور صومالیہ کی حکومت و عوام کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ووٹ کی بنیاد پر شفاف انتخابات ہی صومالیہ کی ترقی اور استحکام کی علامت ہیں، جبکہ پاکستان فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست کی بھرپور حمایت بھی جاری رکھے گا۔