فارمیسی ایکٹ میں اصلاحات کی سفارش کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت

image

وفاقی وزیر قومی صحت، ضوابط و ہم آہنگی سید مصطفیٰ کمال نے فارمیسی تعلیم کے عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی بریفنگ میں ڈائریکٹر جنرل (ہیلتھ) اور ڈائریکٹر فارمیسی سروسز، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) نے وزیر کو فارمیسی تعلیم اور موجودہ قوانین کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فارمیسی ایکٹ، 1967 اور فارمیسی کے نصاب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق دوبارہ مرتب کیا جائے تاکہ فارمیسی گریجویٹس قومی اور بین الاقوامی صحت کے تقاضوں کو بہتر طور پر پورا کر سکیں، دواؤں کے معیار، مریضوں کی حفاظت اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے جو موجودہ قانونی فریم ورک کا جائزہ لے اور فارمیسی ایکٹ میں اصلاحات کی سفارش کرے۔

اس کے علاوہ، وزیر نے فارمیسی کونسل کے صدر (ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ) کو ہدایت دی کہ فارمیسی کونسل آف پاکستان کے تمام کام مکمل طور پر ڈیجیٹل کیے جائیں تاکہ شفافیت، استعداد اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بڑھایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے فارماسسٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحت کے نظام کا ایک اہم حصہ ہیں اور حکومت پاکستان فارمیسی خدمات کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US