اسپن بولدک میں پاک فوج کی بھرپور کارروائی، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے 20 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان کے سرحدی علاقے اسپن بولدک میں پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے بیک وقت تین مختلف مقامات پر کیے گئے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 15 سے 20 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علی الصبح افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے اسپن بولدک کے اطراف پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی تاہم پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد دیہات اور عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے جس کے باعث فورسز نے انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائی کی۔ اس دوران کئی دہشت گردوں کے مارے جانے اور ان کے ٹھکانوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی جانب سے اڑا دیا جو ان کے اس مؤقف کی نفی کرتا ہے کہ وہ سرحدی تجارت یا عوامی آمدورفت کے حامی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپن بولدک اور چمن کے مضافات میں مزید افغان طالبان کے جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔پاک فوج کی جانب سے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔

اس سے قبل پاک فوج نے گزشتہ رات کرم سیکٹر پر افغان طالبان کے حملے کی کوشش کو بھی ناکام بنایا تھا۔ اس کارروائی میں 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیے گئے جبکہ متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US