اڈیالہ جیل میں قید ایک قیدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فراہم کی جانے والی سہولیات اپنے لیے بھی فراہم کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہے۔
درخواست گزار محمد عرفان جو قتل کے مقدمے (302) میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے جیل میں سپیریئر کلاس کی سہولیات نہیں دی جا رہیں حالانکہ وہ اس حوالے سے متعدد بار جیل انتظامیہ کو درخواستیں دے چکا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں اعلیٰ معیار کی سہولیات میسر ہیں جن میں بہتر رہائش، معیاری کھانا اور ملاقاتوں کی اجازت شامل ہے جبکہ عام قیدیوں کو اس طرح کی سہولتیں نہیں دی جاتیں۔
محمد عرفان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسے بھی وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو عمران خان کو حاصل ہیں تاکہ تمام قیدیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کیا جا سکے۔
درخواست میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر درخواست وصول کر لی ہے اور آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے جواب طلب کیے جانے کا امکان ہے۔