پشاور میں روٹی کی قیمت دگنی، نانبائیوں کی ہڑتال ختم

image

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں روٹی کی قیمت 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کر دی گئی ہے۔ آٹے کی مسلسل بندش اور قیمتوں میں اضافے کے باعث نانبائی برادری شدید مالی مشکلات کا شکار تھی۔

آٹا بحران سے قبل نانبائی 150 گرام روٹی 20 روپے میں فروخت کر رہے تھے تاہم ان کے مطابق اس قیمت پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں تھا اور وہ مسلسل نقصان میں جا رہے تھے۔

پشاور نانبائی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے بارہا مطالبہ کیا تھا کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناسب سے روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ کیا جائے بصورت دیگر وہ ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔

ایسوسی ایشن نے 10 اکتوبر کو جنرل باڈی اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ اگر انتظامیہ نے نرخ میں اضافہ نہ کیا تو 16 اکتوبر کو شہر بھر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ اس فیصلے کے مطابق آج بروز بدھ پشاور کے تین ہزار سے زائد تندور بند رہنے تھے۔

تاہم راشننگ کنٹرولر پشاور کے ساتھ ہونے والا اجلاس نتیجہ خیز ثابت ہوا جس کے بعد نانبائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر خستہ گل اور چیئرمین رحیم صافی کے مطابق اب نانبائیوں پر منحصر ہے کہ وہ 80 گرام روٹی 20 روپے میں یا 160 گرام روٹی 40 روپے میں فروخت کریں۔

نانبائیوں نے کہا کہ قیمت میں اضافے سے وہ کاروبار جاری رکھ سکیں گے تاہم عام شہریوں نے روٹی کی قیمت دگنی ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US