سلمان خان کا جغرافیہ کمزور یا سوچا سمجھا بیان؟ بلوچستان سے متعلق گفتگو مہنگی پڑ گئی

image

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سعودی عرب میں ایک تقریب کے دوران بلوچستان سے متعلق متنازع بیان دینے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے۔

تفصیلات کے مطابق سلمان خان نے ریاض میں منعقدہ Joy Forum کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بالی ووڈ، تامل، تیلگو یا ملیالم فلم یہاں (سعودی عرب) ریلیز کی جائے تو سپر ہٹ ہوجاتی ہے کیونکہ یہاں مختلف ممالک سے لوگ ملازمت کے لیے آتے ہیں ، یہاں بلوچستان سے، افغانستان سے، پاکستان سے لوگ آکر کام کرتے ہیں۔

اداکار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پاکستانی صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے بلوچستان کو پاکستان سے الگ ظاہر کرکے سیاسی حساسیت کو نظرانداز کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ بلوچستان پاکستان کا صوبہ ہے، کوئی الگ ملک نہیں ، ہاں خالصتان ایک الگ ریاست ضرور ہے۔جبکہ ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کے مداح دنیا بھر میں ہیں خالصتان، ہندوستان اور افغانستان میں بھی۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے، تم اپنے خالصتان کی فکر کرو۔

سلمان خان اس وقت شاہ رخ خان اور عامر خان کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ تاہم ان کے ایک جملے نے پورے خطے میں بحث چھیڑ دی ہے۔

دوسری جانب سلمان خان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اداکار کا مقصد کسی ملک یا علاقے کی توہین نہیں تھا بلکہ وہ صرف جنوبی ایشیا سے سعودی عرب آنے والے مزدوروں اور کارکنوں کا عمومی ذکر کر رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر یہ معاملہ بدستور زیرِ بحث ہے کچھ صارفین اداکار سے وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر اسے محض زبان کی لغزش قرار دے رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US