بھارتی گلوکار لکی علی نے معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے ایک متنازع بیان پر سخت ردعمل دیا ہے جس کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر ایک تقریب میں فلم شعلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مذہبی رجحانات پر تبصرہ کر رہے تھے۔ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ شعلے کے ریلیز کے وقت لوگ آج کی طرح مذہبی نہیں تھے اس زمانے کے جیسے مکالمے اب لکھنا ممکن نہیں رہا۔
اسی دوران جاوید اختر نے کہا کہ میں نے راجو ہیرانی سے کہا تھا کہ مسلمانوں کی طرح مت بنو، انہیں اپنے جیسا بناؤ یہ المیہ ہے کہ تم ان جیسے بن رہے ہو۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی جب کہ لکی علی نے بھی ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا، "جاوید اختر جیسے مت بنو۔"ساتھ ہی انہوں نے اختر کو جاوید’بدتمیز‘ اور ’بدصورت‘ بھی کہا۔
بعد ازاں لکی علی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ ان کا مطلب کسی کی ذات نہیں بلکہ تکبر کو بدصورتی قرار دینا تھا۔ تاہم طنزیہ انداز میں مزید لکھا شیطانوں کے بھی جذبات ہوسکتے ہیں، اگر میری وجہ سے کسی کی شیطانیت کو ٹھیس پہنچی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔
لکی علی کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی جہاں صارفین نے انہیں سراہتے ہوئے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
خیال رہے کہ جاوید اختر خود کو ترقی پسند اور آزاد خیال شخص کے طور پر پیش کرتے ہیں تاہم ان کے بیانات اکثر مسلمان کمیونٹی اور پاکستان کے خلاف تصور کیے جاتے ہیں۔ماضی میں انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر مجھے پاکستان اور جہنم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو میں جہنم کو ترجیح دوں گا۔