مشہور بالی وُڈ فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی ہیں جن میں سے ایک میں انہیں نکاح کے کاغذ پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔23 سالہ زائرہ وسیم نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔زائرہ وسیم نے اپنی زندگی کے اس اہم دن کی دو تصاویر شیئر کی ہیں، ایک میں وہ نکاح نامے پر دستخط کر رہی ہیں اور دوسری تصویر میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ کھڑی ہیں۔تاہم کسی ایک تصویر میں بھی زائرہ وسیم نے اپنا اور شوہر کا چہرہ نہیں دکھایا اور نہ ہی کوئی معلومات دیں۔اپنی تصاویر کے ساتھ انہوں نے صرف دو الفاظ لکھے ’قبول ہے۔‘زائرہ وسیم نے 16 سال کی عمر میں عامر خان کی فلم ’دنگل‘ میں ریسلر گیتا پھوگاٹ کا کردار ادا کیا تھا۔سال 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم دنگل سے زائرہ وسیم نے شہرت پائی تھی جس کے بعد انہوں نے ’سیکرٹ سپرسٹار‘ میں کام کیا اور ایوارڈ بھی جیتے۔سری نگر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم آخری مرتبہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’سکائی از پنک‘ میں نظر آئی تھیں۔شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے کے بعد زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر اپنے فین پیجز سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی تصاویر کو ہٹا دیں۔
View this post on Instagram A post shared by Zaira Wasim (@zairawasim_)
انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ’ناممکن‘ ہے کہ ان تصاویر کو مکمل طور پر انٹرنیٹ سے ہٹا دیا جائے لیکن ’میں شوبز سے دور اپنی زندگی کا ’نیا باب‘ شروع کرنے جا رہی ہوں۔‘سابق اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی درخواست کے ساتھ امریکی سیاست دان برنی سینڈرز کی میم بھی پوسٹ کی تھی اور اس پر لکھا کہ ’ڈیئر فین پیجز! میں آپ سے ایک بار پھر درخواست کر رہی ہوں کہ میرا پیغام پڑھیں۔‘
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ہیلو ایوری ون! میں آپ سب کے مسلسل پیار اور مہربانی پر ہر ایک کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ آپ سب میرے لیے پیار اور طاقت کا ذریعہ تھے، مجھے ہر چیز کے لیے سپورٹ کرنے کا شکریہ۔‘
‘میری آپ سے درخواست ہے کہ براہ مہربانی اپنے اکاؤنٹس سے میری تصویریں ہٹا دیں اور دوسرے فین پیجز کو بھی ایسا ہی کرنے کو کہیں۔‘ زائرہ وسیم نے 2019 میں اداکاری کے شعبے کو یہ کہتے ہوئے خیرباد کہہ دیا تھا کہ وہ اب مذہب پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔دنگل گرل نے ایک فیس بک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ فلموں میں آنے کے پانچ برس بعد اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ یہ وہ جگہ نہیں جہاں وہ پہنچنا چاہتی ہیں۔