"میں ہمیشہ حیران ہوتا ہوں ان مردوں پر جو ڈائپر بدلنے کو بہت بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ میں نے اپنی بیٹی کے لیے بھی ڈائپر بدلے اور اب اپنے بیٹے ولی حسن مرزا کے لیے بھی کر رہا ہوں۔ جب ماں بچے کو دودھ پلا رہی ہے، جاگ رہی ہے، اور باقی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے، تو باپ کے لیے ڈائپر بدلنا کوئی بڑی بات نہیں ہونی چاہیے۔"
یہ کہنا تھا معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان محب مرزا کا، جو حال ہی میں اداکارہ زارا نور عباس کے شو میں مدعو ہوئے۔ اپنے منفرد انداز، شاندار کیریئر اور نپی تُلی ذاتی زندگی کے حوالے سے جانے جانے والے محب مرزا نے اس موقع پر شادی اور والد ہونے کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
محب مرزا نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ صنم سعید گھر کے زیادہ تر کام خود کرتے ہیں۔ ان کے بقول، "ہمارے گھر میں اضافہ مدد بہت محدود ہے، ہم خود کھانا پکاتے ہیں، برتن دھوتے ہیں، لانڈری کرتے ہیں۔ بس ایک ہیلپر صفائی کے لیے آتی ہے، باقی سب ہم خود سنبھالتے ہیں۔" انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد ہمیشہ اپنا پلیٹ خود دھوتے تھے، جس سے انہیں یہ سیکھنے کو ملا کہ گھر کے کام سب کی ذمہ داری ہیں، صرف عورتوں کی نہیں۔
اداکار نے شو میں یہ بھی کہا کہ ایک کامیاب شادی کے لیے ضروری ہے کہ میاں بیوی اپنی دوستی کو برقرار رکھیں۔ بچے کے آنے سے زندگی کا محور ضرور بدل جاتا ہے، مگر ایک دوسرے کو وقت دینا نہ بھولیں۔ "یاد رکھیں، آپ نے ایک دوسرے کے لیے شادی کی تھی، بچہ بعد میں آیا ہے، تو تعلق کی بنیاد کو کبھی پسِ پشت نہ ڈالیں،" محب نے مشورہ دیتے ہوئے کہا۔
محب مرزا کے ان سچے اور حقیقت پر مبنی الفاظ نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ مداحوں نے ان کی باتوں کو "عملی مشورہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاش ہر باپ، شوہر اور انسان اس سوچ کو اپنائے، تو رشتوں میں بہت سی تلخیاں خود بخود ختم ہو جائیں۔