وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے جس میں صوبائی کابینہ کی تشکیل، گورننس کے معاملات اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر اہم مشاورت متوقع ہے۔
پی ٹی آئی کے قریبی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے واضح اجازت کے باوجود جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی تھی جس پر وزیر اعلیٰ اور پارٹی قیادت نے احتجاجی دھرنا بھی دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات نہ ہونے پر معاملے کو دوبارہ عدالت میں اٹھانے کی تیاری کی گئی ہے تاہم وفاقی حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کی صورت میں وزیر اعلیٰ عمران خان کو صوبائی کابینہ کی تشکیل، دہشت گردی کی حالیہ لہر، ڈرون حملوں، اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجی تحریک اور صوبے کی مجموعی معاشی و انتظامی صورتحال پر بریف کریں گے جبکہ آئندہ حکمت عملی پر رہنمائی بھی لی جائے گی۔