100 ارب کا منصوبہ، پشاورمیں کیا کچھ بدلنے جا رہا ہے؟

image

حکومت خیبر پختونخوا نے صوبائی دارالحکومت پشاور کی ترقی اور شہر کی سابقہ شان بحال کرنے کے لیے 100 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کی تیاری شروع کر دی۔

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو ہدایت جاری کی ہے کہ پشاور کے لیے جامع ترقیاتی پلان ترتیب دیا جائے۔ اس سلسلے میں مختلف محکموں کے ساتھ مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیکیج کی تیاری کا ٹاسک مینا خان آفریدی کو سونپا گیا ہے جو متعلقہ محکموں کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں اور منصوبوں کو حتمی شکل دینے میں لگے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے پہلے انتظامی اجلاس میں پشاور کو خصوصی ترجیح دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی اقدامات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ مجوزہ پیکیج میں جاری اور نئے منصوبے شامل ہوں گے جن میں بیوٹیفکیشن، سینیٹیشن، سڑکوں کی مرمت اور توسیع، انڈر پاسز، فلائی اوورز، رنگ روڈ کے مسنگ لنکس سمیت شہری سہولیات کا بڑا پروگرام متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پیکیج کی تیاری میں پشاور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی تجاویز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی ضروریات کو بہتر انداز میں سامنے لایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US