وزیراعلیٰ پنجاب کو ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر سیکیورٹی انتظامات میں بڑی تبدیلیاں کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے چیف سیکیورٹی آفیسر کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب، ایس پی حمزہ امان اللہ کو وزیراعلیٰ کا نیا چیف سیکیورٹی آفیسر تعینات کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعلیٰ کے اسکواڈ اور قریبی حفاظتی عملے میں بھی رد وبدل کیا گیا ہے۔
نئے سیکیورٹی سیٹ اپ میں ایس پی ارسلان زاہد اور ایس پی احمد زنیر چیمہ کو بھی وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ اور اعلیٰ پولیس حکام نے وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ خفیہ اداروں سے بھی سیکیورٹی الرٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، نئی ٹیم کو فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے اور وزیراعلیٰ کی نقل و حرکت کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔