جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان محمود خان اچکزئی کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔ جے یو آئی (ف) کے ترجمان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں صوبائی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان محمود خان اچکزئی کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ رہنماؤں نے اس فیصلے کو اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
مزید یہ کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان بھی کردیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون سیاسی استحکام اور شفاف پارلیمانی کردار کے لیے کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی قوتوں پر مشتمل ایک مشترکہ جرگہ بلایا جائے گا جو امن اور مصالحت کے لیے لائحہ عمل تیار کرے گا۔