قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے شعبہ فنانس کے اسٹینوگرافر جہانگیر احمد کو 13 ملین روپے (ایک کروڑ 30 لاکھ روپے) کی مبینہ خوردبرد کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
نیب کے مطابق، جہانگیر احمد سابق ضلعی ناظم (مسلم لیگ ن) راجہ جاوید اخلاص کے داماد ہیں۔ ملزم پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک مرحوم سابق ڈائریکٹر کی مدد سے بھاری سرکاری رقم اپنی اہلیہ مسماۃ صائمہ جہانگیر کے بینک اکاؤنٹ میں غیر قانونی طور پر منتقل کی۔
گرفتاری کے بعد نیب حکام نے ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا، جہاں مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جہانگیر احمد کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے تاکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق، نیب ٹیم نے ملزم کے ریکارڈ اور بینک ٹرانزیکشنز کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں۔