وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025ء کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قوم کے قابل اور ہونہار نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، ان کی تعلیم و تربیت پر جتنے بھی وسائل خرچ کرنا پڑیں، حکومت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید دور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجیز دنیا کی ترقی کی بنیاد بن چکی ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کے نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ویژن 2030ء اور فیفا ورلڈ کپ 2034ء کے منصوبوں کے لیے سعودی عرب کو لاکھوں تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہوگی، اور پاکستان سے ہنر مند نوجوان وہاں بھیجے جائیں گے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم اور مہارت کے لیے اگر 50 ارب نہیں بلکہ 500 ارب روپے بھی خرچ ہوں، تو کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ پروگرام میں کچھ تاخیر لوگو کی تبدیلی کے باعث ہوئی تاکہ کسی قسم کی ذاتی تشہیر نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ترقی اور خودمختاری کا ذریعہ بنیں گے۔
وزیراعظم نے تقریب میں شہداء کے بچوں، ہونہار طلبہ اور طالبات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مختلف جامعات کے منتخب طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ ان میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کے طلبہ شامل تھے۔
بلوچستان کی طالبہ بی بی درجان نے کہا کہ لیپ ٹاپ نے اس کے تعلیمی خواب کو حقیقت میں بدلا۔ وزیراعظم نے اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے اپنی نشست پر بٹھایا، جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
خیبر پختونخوا کے محمد رفیق آفریدی نے کہا کہ وہ ایک شہید کا بیٹا ہے، اور وزیراعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم نے اس کے تعلیمی سفر کو آسان بنایا۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طالب علم ذاکراللہ نے اردو اور عربی میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ ائر یونیورسٹی اور یو ای ٹی ٹیکسلا کی طالبات نے بھی اسکیم کو تاریخی اقدام قرار دیا۔
وزیراعظم نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ان کی ٹیم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ ہم سب مل کر پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک عظیم ملک بنائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ لیپ ٹاپ اسکیم پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔