وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہم شروع کی ہے تمام بھارتی میڈیا جھوٹا بیانیہ پھیلانے میں مصروف ہے۔
وفاقی وزرا عطا محمد تارڑ اور طلال چوہدری نے بتایا کہ پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک اور دہشت گرد کارروائی ناکام بنادی۔ پریس کانفرنس میں دونوں وزرا نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے مچھیرے اعجاز ملاح کی گرفتاری اور اس کا اعترافی بیان میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور ڈس انفارمیشن مہم کا آغاز کیا۔ اسی سلسلے میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو گرفتار کر کے اسے پیسوں کے لالچ میں جاسوسی کے لیے تیار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے ملاح کو آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں اور دیگر حساس اشیاء خریدنے کا ٹاسک دیا۔ تاہم پاکستانی اداروں نے بروقت نگرانی کرتے ہوئے اسے سرحد پار جانے سے قبل ہی گرفتار کرلیا۔
اعجاز ملاح کے اعترافی بیان میں کہا گیا کہ اسے بھارتی خفیہ اہلکاروں نے ہدایت دی تھی کہ پاکستان سے مخصوص اشیا خرید کر واپس بھارت لائے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت ملاح کے قبضے سے سم کارڈ، پاکستانی کرنسی، ماچس اور دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ بھارت کا پروپیگنڈا آپریشن تھا جو مکمل طور پر بے نقاب ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف جھوٹ اور افواہوں پر مبنی مہم چلا رہا ہے مگر پاکستان کے ادارے چوکنا اور ہر سازش ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل کر رہا ہے جس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے ادارے ہر بھارتی چال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی ناقابلِ تسخیر ہے۔