پاکستان سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایک روز میں صرف چمن بارڈر کے راستے 10 ہزار 700 افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل اب طورخم سرحد سے بھی شروع کر دیا گیا ہے جہاں ایف سی اور سول انتظامیہ کی جانب سے رجسٹریشن، رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات مکمل ہیں۔
اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد افغان مہاجرین قانونی طریقہ کار کے تحت اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔ ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ واپسی کا عمل شفاف اور محفوظ رہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ قومی سلامتی کے تناظر میں کیا گیا ہے اور اب پاکستان میں بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران افغان جنگ اور خانہ جنگی کے باعث لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کی، اور انسانی ہمدردی کی ایک تاریخی مثال قائم کی۔