بھارت دونوں سرحدوں پر پاکستان کو مصروف رکھنا چاہتا ہے، وزیر دفاع

image

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو مشرقی اور مغربی دونوں محاذوں پر مصروف رکھنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم مشرقی سرحد پر اسے منہ کی کھانی پڑی ہے اور مودی سرکار اب خاموش ہے۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طورخم بارڈر غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کی بے دخلی کے لیے کھولا گیا ہے، وہاں کسی قسم کی تجارت نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے دخلی کا عمل جاری رہے گا تاکہ کوئی بھی دوبارہ غیرقانونی طور پر داخل نہ ہو سکے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ اس وقت ویزہ پراسس بھی بند ہے اور تمام امور اس وقت تک معطل رہیں گے جب تک بات چیت مکمل نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے بتایا کہ افغان باشندوں کا معاملہ پہلی بار بین الاقوامی سطح پر اٹھایا گیا ہے اور ترکیہ و قطر اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق ماضی میں افغانستان غیرقانونی پناہ گزینوں کے مسئلے کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا تھا لیکن اب اس نے عالمی سطح پر اس کی اونرشپ تسلیم کرلی ہے۔ ترکیہ میں ہونے والی بات چیت میں یہ شق بھی شامل ہے کہ اگر افغان سرزمین سے کوئی دہشت گردی ہوئی تو اس کا ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کر رہا البتہ افغان جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خصوصاً خیبرپختونخوا کے لوگ افغان صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ قوم، سیاستدان اور ادارے سب اس بات پر متفق ہیں کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ ہی مسئلے کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پراکسی وار کے شواہد پرانے ہیں اشرف غنی کے دور سے ہی بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سرگرم ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم مزید ثبوت پیش کریں گے۔ بھارت مشرقی اور مغربی دونوں محاذوں پر ہمیں الجھانا چاہتا ہے لیکن مشرقی محاذ پر تو اسے جوتے پڑے ہیں اور مودی اب چپ کرگیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US