بیس روزہ بندش کے بعد پاک افغان طورخم بارڈر کو افغانستان واپس جانے والے افغان پناہ گزین خاندانوں کے لیے کھول دیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بارڈر گیٹ صرف ان افغان شہریوں کے لیے کھولا گیا ہے جو پاکستان میں قیام کے بعد اپنے وطن واپس جا رہے ہیں جبکہ تجارتی نقل و حمل اور عام آمدورفت بدستور معطل رہے گی۔
طورخم گیٹ کھلنے کے بعد بڑی تعداد میں افغان پناہ گزینوں کی گاڑیاں بارڈر کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ طورخم امیگریشن پوائنٹ پر افغان شہریوں کا جمِ غفیر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ بیس دن سے بارڈر بند ہونے کے باعث سینکڑوں افغان خاندان ضلع خیبر اور ملحقہ علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے جو اب بتدریج افغانستان واپسی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ طورخم بارڈر صرف افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے کھولا گیا ہے جبکہ پیدل آمدورفت، تجارتی سرگرمیاں اور پاسپورٹ ہولڈرز کی آمد و رفت فی الحال بند رہے گی۔
انتظامیہ کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل سخت نگرانی اور اندراج کے بعد انجام دیا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔