قومی ٹیم کے فاسٹ بالر اور ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی سابق کپتانی کے تلخ تجربے کو بھول چکے ہیں، وہ باب ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہر فیصلے کا احترام کرتا ہوں، اب میری تمام توجہ ون ڈے ٹیم کی قیادت پر ہے اور میں چاہتا ہوں کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی دلواؤں۔
شاہین نے کہا کہ بابر اعظم کا فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے اور ان کی بیٹنگ پاکستان کے لیے ون ڈے سیریز میں مضبوطی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بابر ایک مایہ ناز بلے باز ہیں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں رنز کرنے کے بعد ان کا اعتماد بحال ہو گیا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں واضح فرق ہے اور ساؤتھ افریقا کے خلاف سخت مقابلے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز منگل سے فیصل آباد میں شروع ہوگی۔