بھارت نے پہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ جیت لیا، ساؤتھ افریقا کو 52 رنز سے شکست

image

بھارت نےپہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ جیت لیا۔ ممبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ساؤتھ افریقا کو 52 رنز سے شکست دے کر عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

بھارت کی اوپنر شفالی ورما نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی۔ سیمی فائنل سے قبل ٹیم میں شامل کی گئی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رنز بنائے اور بعد ازاں 2 قیمتی وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اسپنر دیپتی شرما نے بھی زبردست بولنگ کرتے ہوئے 39 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ شفالی ورما کے علاوہ سمریتی مندھانا نے 45، دیپتی شرما نے 58 اور ریچا گھوش نے 24 گیندوں پر 34 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں ساؤتھ افریقا کی کپتان لارا وولورتھ نے شاندار 101 رنز اسکور کیے، مگر ان کی اننگز ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ پوری جنوبی افریقی ٹیم 45.3 اوورز میں 246 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت اس سے قبل دو مرتبہ ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا تھا مگر دونوں بار آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ اس جیت کے ساتھ بھارت نے اپنی تاریخ کا پہلا ویمنز ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ سال مردوں کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اس سال کے آغاز میں چیمپئنز ٹرافی بھی جیت کر عالمی کرکٹ میں اپنا دباؤ قائم رکھا ہوا ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ میں آٹھویں اور آخری پوزیشن پر رہی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US