پی ایس ایل فرنچائزز میں بے چینی، فیسوں میں اضافے کا امکان

image

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز میں حالیہ دنوں بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان کو خدشہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نئی ویلیویشن کے نام پر ان سے سالانہ فرنچائز فیس میں بھاری اضافہ کرنے جا رہا ہے۔

دو فرنچائزز سے قریبی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 سے قبل صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے کیونکہ اب تک پی سی بی کی جانب سے نئی ویلیویشن کے دستاویزات نہیں بھیجے گئے۔ اطلاعات ہیں کہ پی سی بی کے پی ایس ایل سیکریٹریٹ نے جو آڈٹ کمپنی سے فرنچائزز کی ویلیویشن کرائی ہے اس میں فیس میں 100 سے 300 فیصد تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر یہ اضافہ نافذ ہوا تو تمام چھ فرنچائزز کے لیے نئے معاہدے کرنا مشکل ہو جائے گا۔ اس وقت ملتان سلطانز سب سے زیادہ سالانہ 6.35 ملین ڈالر ادا کرتی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سالانہ فیس 1.3 ملین ڈالر ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو نے حالیہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ حبیب بینک کے ساتھ ٹائٹل اسپانسرشپ میں 2016 سے اب تک 505 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویلیویشن کے دستاویزات جلد فرنچائزز کو بھیجے جائیں گے اور ان کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ قبول کریں یا بڈنگ میں حصہ لیں۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزز کی بے چینی اس وجہ سے بھی بڑھ رہی ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اب تک ملتان سلطانز کے مالک علی ترین سے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا جبکہ پی ایس ایل 11 کی تاریخوں اور دو نئی ٹیموں کے شامل ہونے کا اعلان بھی تاحال نہیں ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US