ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک پر امن جوہری معاہدے کے حصول کا خواہاں ہے۔
العربیہ کے مطابق نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہم جوہری ہتھیار نہیں چاہتے اور دنیا کو یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اپنے مقامی طور پر تیار کردہ جوہری پروگرام پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہو گا۔
خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ایران کو امریکا کی جانب سے تیسرے فریق کے ذریعے متضاد پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں تاہم اگر کبھی دونوں جانب کے مفاد کا معاہدہ ممکن ہوا تو ایران اسے زیر غور لا سکتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران نے پابندیاں ختم کرنے کی درخواست کی ہے اور وہ اس موضوع پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔