ڈھائی من خالص سونے کا کموڈ نیلامی کے لئے تیار۔۔ قیمت نے اچھے اچھوں کے ہوش اڑا دیے، ویڈیو

image

دنیا میں سونا عام طور پر زیورات، تجارتی سرمائے یا سرمایہ کاری کے طور پر استعمال ہوتا ہے، مگر کبھی کبھار یہ قیمتی دھات ایسے منفرد فن پاروں میں ڈھلتی ہے جو دیکھنے والے کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک غیر معمولی فن پارہ اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ایک مکمل طور پر سونے سے تیار کیا گیا کموڈ جو نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

یہ کموڈ 18 قیراط خالص سونے سے تیار کیا گیا ہے، جس کا وزن تقریباً 101 کلو گرام یعنی ڈھائی من سے زیادہ ہے۔ اگر اس کی موجودہ قیمت پاکستانی روپے میں نکالی جائے تو یہ تقریباً تین ارب 41 کروڑ روپے بنتی ہے۔

یہ شاہکار اٹلی کے معروف فنکار ماوریزیو کیٹیلن نے 2016 میں تخلیق کیا تھا۔ اسے پہلی بار نیویارک کے مشہور گوگن ہائیم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا، جہاں یہ فنون لطیفہ کے دلدادہ افراد کے لیے ایک حیرت انگیز تجربہ ثابت ہوا۔

اب ایک بار پھر یہ طلائی فن پارہ نیلامی کے لیے تیار ہے۔ نیلامی 18 نومبر کی رات امریکا میں منعقد ہوگی، اور اس کی ابتدائی بولی سونے کی عالمی قیمت کے مطابق رکھی جائے گی۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس کی فنی اہمیت اور تاریخی حیثیت کے باعث بولی کے دوران قیمت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

نیلامی کرانے والی کمپنی سوذبیز کے نائب چیئرمین ڈیوڈ گالپرن کے مطابق، اس منفرد فن پارے کی قیمت کا اندازہ موجودہ وقت میں تقریباً دس ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ ان کے بقول، "یہ صرف سونا نہیں بلکہ ایک ایسا تخلیقی اظہار ہے جس نے آرٹ اور روزمرہ اشیاء کے درمیان حدوں کو مٹا دیا ہے۔"

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی فنکار اس سے قبل اپنے ایک اور متنازع مگر مشہور فن پارے "کومیڈین" کے باعث بھی خبروں میں رہے تھے، جس میں انہوں نے ایک کیلے کو دیوار پر ڈکٹ ٹیپ سے چپکایا تھا۔ وہ تخلیق 2024 میں تقریباً 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔

نیلامی سے قبل اس طلائی کموڈ کو نیویارک میں عوامی نمائش کے لیے رکھا گیا، جہاں لوگوں نے اسے قریب سے دیکھنے کے لیے لمبی قطاریں لگائیں۔ سونا ہو یا فن، دونوں کی کشش اپنی جگہ برقرار ہے اور یہ شاہکار شاید اسی امتزاج کی سب سے نادر مثال ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US