وفاقی حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کیلیے بڑا قدم، خودمختار کمیشن قائم

image

وفاقی حکومت نے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے ایکٹ 2021 کی شق 11 کے تحت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلیے ایک خود مختار کمیشن قائم کردیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق نیا قائم شدہ کمیشن قانون کے تحت مقرر کردہ تمام اختیارات استعمال کرے گا اور اپنے تفویض کردہ فرائض بااختیار انداز میں انجام دے گا۔ کمیشن کا مقصد صحافیوں کی سکیورٹی، ان کے حقوق کا تحفظ اور پیشہ ورانہ امور میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن میں پی آئی او/ ای ڈی جی (ایکس آفیشیو)، وزارت اطلاعات، ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس (ایکس آفیشیو)، وزارت انسانی حقوق کے اراکین شامل ہوں گے، جبکہ بطور ممبرز میڈیا نمائندگان میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ، غلام نبی یوسفزئی، نیشنل پریس کلب اسلام آباد، نیئر علی، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، نوید اکبر چوہدری شامل ہیں۔

کمیشن میں بطور ممبر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے (برنا) کے افضل بٹ، (برنا عظیم گروپ) کے حسن عباس، (دستور) کے محمد نواز رضا جبکہ دیگر یونینز کے نمائندے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے طاہر حسن خان، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی تمثیلہ چشتی، خیبر یونین آف جرنلسٹس کی نادیہ صبوحی، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے خلیل احمد شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیشن جلد اپنے باضابطہ اجلاس کا آغاز کرے گا، جس میں صحافیوں کی سیکیورٹی، شکایات کے ازالے، اور سوشل و الیکٹرانک میڈیا پروفیشنلز کو درپیش خطرات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US