وزیراعظم کا انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ انعام کا اعلان

image

وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا اور اس موقع پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، ٹیم کے کھلاڑی اور پی سی بی حکام بھی موجود تھے۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل 17 جون سے شروع ہوا، جس کے دوران 70 کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے اور بعد ازاں حتمی اسکواڈ تشکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ون ڈے ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے مواقع فراہم کیے گئے جس سے انہیں قیمتی تجربہ حاصل ہوا۔

تقریب میں سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے میدان میں بے خوف کرکٹ کھیلی اور اس کامیابی میں کوچنگ اسٹاف کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

وزیراعظم نے انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے ہر رکن کو 25 لاکھ روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل کے ٹورنامنٹس میں بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی اور ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی جیت ہمارے لیے ایک بڑا اعزاز اور تاریخی دن ہے۔ ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں نے انعامات کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی سی بی کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوا اور کوچز نے کیمپس کے دوران ٹیم کی محنت کو بڑھایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US