گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ کسی بھی قسم کی محاذ آرائی یا انتشار برداشت کرنے کی حالت میں نہیں ہے اس لیے سیاستدانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر جیلوں میں قید افراد باہر آکر احتجاج کرنے کی کوشش کریں گے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، کیونکہ عدالتیں موجود ہیں اور ہر شہری کو قانونی راستہ اختیار کرنے کی آزادی حاصل ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ گالم گلوچ یا محاذ آرائی کے ذریعے صوبے کے حقوق حاصل نہیں کیے جا سکتے اور جو لوگ پہلے احتجاج کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکے، وہ اب صرف کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔
گورنر نے وفاقی حکومت کے مذاکرات کی پیشکش کو سیاسی بالغ نظری کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی آصف علی زرداری نے سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اس کے جواب میں 9 مئی جیسے افسوسناک واقعات پیش آئے۔
انہوں نے سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہ کر عوامی مفاد کو مقدم رکھیں اور صوبے میں امن و امان کو قائم رکھیں۔