وزیراعظم محمد شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ دورہ 26 سے 27 نومبر تک جاری رہے گا۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکومتی حکام پر مشتمل وفد بھی شامل ہے۔
سرکاری شیڈول کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیرِ غور آئیں گے۔
ترجمانِ حکومت کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے دیرینہ، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔ اس دوران نتائج پر مبنی تعاون، تزویراتی شراکت داری اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورۂ بحرین سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہو گا دونوں ملک نئے شعبوں میں شراکت داری کے مواقع تلاش کریں گے اور دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت ملے گی۔